یومِ بحریہ، اسپیکر قومی اسمبلی کا پاک بحریہ کے شہداء و غازیوں کو خراجِ عقیدت

یومِ بحریہ، اسپیکر قومی اسمبلی کا پاک بحریہ کے شہداء و غازیوں کو خراجِ عقیدت

آپریشن دوارکا پاک بحریہ کی تاریخ کا درخشاں باب ہے، سمندری حدود کے تحفظ میں پاک بحریہ کا کردار قابلِ تحسین ہے، سردار ایاز صادق

اسلام آباد(اظہار خان نیازی) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے یومِ بحریہ کے موقع پر پاک بحریہ کے شہداء، غازیوں اور بہادر جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک بحریہ نے دفاعِ وطن اور ملکی سمندری حدود کے تحفظ کے لیے ہمیشہ عزم، جرأت اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ یومِ بحریہ ہمیں پاک بحریہ کے ان بہادر سپوتوں کی قربانیوں اور خدمات کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ 1965ء کی جنگ میں پاک بحریہ کی کارکردگی قابلِ فخر ہے، جبکہ آپریشن دوارکا پاک بحریہ کی تاریخ کا ایک درخشاں باب ہے، جس میں دشمن کی اہم ساحلی تنصیبات اور ریڈار اسٹیشن کو نشانہ بنایا گیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ 1965ء کی جنگ کے دوران آبدوز غازی نے بحری محاذ پر اپنی آپریشنل ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام دیتے ہوئے دشمن کی بحری نقل و حرکت کو محدود رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق کے دوران بھی پاک بحریہ نے ملکی سمندری حدود کے تحفظ اور قومی دفاع کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں انجام دیں۔ چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف کی قیادت میں پاک بحریہ نے پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملکی دفاع اور سلامتی کے تحفظ میں بھرپور کردار ادا کیا۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ افواجِ پاکستان کی مشترکہ پیشہ ورانہ صلاحیت، باہمی تعاون اور قومی جذبے نے ثابت کیا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت، تجارت اور تزویراتی سلامتی میں سمندری راستوں کی بنیادی اہمیت ہے، جس کے پیش نظر پاک بحریہ کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ پاک بحریہ ملک کی سمندری حدود اور قومی خودمختاری کے تحفظ کے لیے قابلِ تحسین خدمات انجام دے رہی ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پوری قوم پاک بحریہ کے شہداء، غازیوں اور بہادر جوانوں کو سلام پیش کرتی ہے اور ان کی قربانیوں و خدمات کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے یاد رکھے گی۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے شہداء کے درجات کی بلندی اور پاکستان کو امن، سلامتی، ترقی اور خوشحالی عطا فرمانے کی دعا کی۔

ڈپٹی اسپیکر کا خراجِ تحسین

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے بھی یومِ بحریہ کے موقع پر پاک بحریہ کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ 1965ء کی جنگ میں پاک بحریہ کے بہادر سپوتوں نے جرأت، پیشہ ورانہ مہارت اور قومی جذبے کی لازوال داستانیں رقم کیں۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن دوارکا پاک بحریہ کی تاریخ کا یادگار باب ہے جس نے دشمن کے خلاف ہماری بحری قوت کی صلاحیت اور عزم کو نمایاں کیا۔ یومِ بحریہ قومی ہیروز کی قربانیوں کو یاد کرنے کے ساتھ اس عزم کی تجدید کا موقع بھی فراہم کرتا ہے کہ پاکستان کی خودمختاری، سلامتی اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے پوری قوم متحد رہے گی۔

ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ معرکۂ حق کے دوران بھی پاک بحریہ نے ملکی سمندری حدود کے دفاع اور قومی سلامتی کے تحفظ میں مؤثر کردار ادا کیا۔ پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج وطن کے دفاع کے لیے ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہداء اور غازیوں کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں اور قوم اپنے قومی ہیروز کی خدمات و قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ ڈپٹی اسپیکر نے اللہ تعالیٰ سے شہداء کے درجات کی بلندی اور پاکستان کو امن، سلامتی اور استحکام عطا فرمانے کی دعا کی۔