نویں جماعت کے سالانہ نتائج پر والدین سراپا احتجاج، ری چیکنگ اور تجربہ کار اساتذہ سے پیپرز کی جانچ کا مطالبہ

راولپنڈی(سٹی رپورٹر)

*نویں جماعت کے سالانہ نتائج پر والدین سراپا احتجاج، ری چیکنگ اور تجربہ کار اساتذہ سے پیپرز کی جانچ کا مطالبہ*

 نویں جماعت کے سالانہ امتحان 2026 کے نتائج پر والدین نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے نتائج کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا اور بچوں کے پیپرز کی دوبارہ جانچ کا مطالبہ کردیا۔

اطلاعات کے مطابق راولپنڈی تعلیمی بورڈ مورگاہ میں نویں جماعت کے پیپرز کی ری چیکنگ کے لیے آئے ہوئے والدین کا کہنا تھا کہ نتائج چیک کرنے کے لیے درخواست دی گئی، تاہم جب پیپرز دوبارہ چیک کیے گئے تو ان کے بچوں نے بتایا کہ متعدد جگہوں پر کراس لگے ہوئے تھے، صاف دکھائی دے رہا تھا کہ پیپر پڑھ کر چیک نہیں کیے گئے، جس سے نتائج کی شفافیت پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔والدین نے مطالبہ کیا  کہ طلبہ کے پیپرز کی دوبارہ جانچ تجربہ کار اور ماہر اساتذہ سے کروائی جائے تاکہ طلبہ کے ساتھ ہونے والی کسی بھی ممکنہ ناانصافی کا ازالہ ہوسکے۔دوسری جانب تعلیمی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر امتحانی پیپرز کی جانچ کے لیے غیر پیشہ ور یا غیر تجربہ کار افراد کی خدمات حاصل کی جائیں گی تو ایسے نتائج سامنے آنا کوئی حیران کن بات نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پیپرز چیک کرنے والے افراد کو سوالات اور جوابات کی درست سمجھ ہی نہیں ہوگی تو طلبہ بھی کیسے پاس ہوں گے؟واضح رہے کہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی کے تحت نویں جماعت کے سالانہ امتحان 2026 میں مجموعی کامیابی کا تناسب 37.56 فیصد رہا۔ امتحان میں 121,739 امیدوار شریک ہوئے، جن میں سے 45,724 طلبہ کامیاب جبکہ 76,015 ناکام ہوئے۔ طالبات کی کامیابی کا تناسب 46.48 فیصد جب کہ طلبہ کا 27.99 فیصد رہا۔ 184 اسکولوں میں کامیابی کا تناسب صفر فیصد رہا، جن میں 81 سرکاری اسکول بھی شامل ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔