پٹرولنگ پولیس ٹھاکرہ موڑ کی کارروائی، اشتہاری مجرم گرفتار

پٹرولنگ پولیس ٹھاکرہ موڑ کی کارروائی، اشتہاری مجرم گرفتار

مقدمہ میں مطلوب خرم نواز کو حراست میں لے کر مزید کارروائی کیلئے تھانہ جاتلی کے حوالے کردیا گیا

گوجرخان(صنوبر کیانی) پٹرولنگ پولیس پوسٹ ٹھاکرہ موڑ نے کارروائی کرتے ہوئے ایک اشتہاری مجرم کو گرفتار کرکے مزید قانونی کارروائی کیلئے تھانہ جاتلی کے حوالے کردیا۔ پٹرولنگ پوسٹ ٹھاکرہ موڑ کے انچارج سب انسپکٹر شیر خان کے مطابق کارروائی ایس ایس پی ریجنل آفیسر غازی فیصل سلیم اور ڈسٹرکٹ آفیسر پی ایچ پی ڈی ایس پی فیاض الحق کی ہدایات پر عمل میں لائی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ پٹرولنگ پارٹی لیڈی کانسٹیبل ربیعہ اور دیگر اہلکاروں کے ہمراہ گشت اور ناکہ بندی کے فرائض انجام دے رہی تھی کہ ایک مشکوک شخص کے کوائف کی جانچ پڑتال کی گئی۔ پولیس ڈیٹا بیس سے تصدیق کے دوران شخص کی شناخت خرم نواز ولد علی نواز، ساکن موہری، ڈاکخانہ غازیال، تحصیل و ضلع چکوال کے طور پر ہوئی۔

پولیس کے مطابق ریکارڈ کی جانچ پڑتال پر انکشاف ہوا کہ خرم نواز تھانہ ٹھینگی ضلع وہاڑی میں درج مقدمہ نمبر 481/23، مورخہ 5 جون 2023ء، بجرم دفعہ 25-ڈی ٹیلی گراف ایکٹ میں عدالت کی جانب سے اشتہاری مجرم قرار دیا جاچکا ہے۔

پٹرولنگ پولیس نے اشتہاری ملزم کو موقع پر گرفتار کرکے ضابطے کی کارروائی مکمل کی اور مزید قانونی کارروائی و پابند سلاسل کرنے کیلئے تھانہ جاتلی کے حوالے کردیا۔