ون فائیو(15) پر سنیچنگ کی جھوٹی کال کرنے والے شہری کو پولیس نے گرفتار کرلیا
راولپنڈی:(سید شاہد وحید ہاشمی)نیو ٹاؤن پولیس نے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر سنیچنگ کی بوگس کال کرنے والے شخص کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔پولیس کے مطابق ملزم نے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کرکے اطلاع دی کہ دو افراد نے اس سے بیگ چھین لیا ہے،جس میں دو موبائل فون اور نقدی موجود تھی۔اطلاع ملنے پر نیو ٹاؤن پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور واقعے کی تحقیقات شروع کیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران سنیچنگ کا واقعہ درست ثابت نہ ہوا بلکہ فریقین کے درمیان لین دین کا معاملہ سامنے آیا۔ پولیس نے بوگس اطلاع دینے والے شخص کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا۔ایس پی راول بیدار بخت گوندل نے کہا کہ ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 شہریوں کو ہنگامی صورتحال میں فوری پولیس امداد فراہم کرنے کا اہم ذریعہ ہے، اس کا غلط استعمال کسی صورت قابل قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ بوگس یا جھوٹی کالز کرکے پولیس کو گمراہ کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔





