شہری پر تشدد، راولپنڈی پولیس کا کانسٹیبل محکمہ سے برطرف

 

سی پی او حسن مشتاق سکھیرا کا کڑا احتساب، تھانہ گوجرخان میں شہری سے ناروا سلوک پر کانسٹیبل احتشام ڈسمس؛ شہریوں سے تشدد یا ناروا سلوک برداشت نہیں کیا جائے گا، سی پی او

راولپنڈی (صنوبر کیانی) سی پی او حسن مشتاق سکھیرا کی جانب سے راولپنڈی پولیس میں کڑے احتساب کا عمل جاری ہے، 30 اگست کو تھانہ گوجرخان میں شہری پر تشدد اور ناروا سلوک کرنے والے پولیس کانسٹیبل احتشام کو محکمہ سے ڈسمس کر دیا گیا۔ واقعہ کی ویڈیو سامنے آنے پر سی پی او حسن مشتاق سکھیرا نے کانسٹیبل احتشام کو فوری طور پر معطل کرکے کلوز لائن کر دیا تھا۔ بعدازاں کانسٹیبل کو چارج شیٹ جاری کرکے محکمانہ انکوائری کی گئی، جس کے بعد الزامات ثابت ہونے پر اسے محکمہ پولیس سے ڈسمس کر دیا گیا۔
سی پی او حسن مشتاق سکھیرا نے کہا کہ شہریوں سے ناروا سلوک یا تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، پولیس اہلکاروں کو قانون کے مطابق شہریوں سے پیش آنے کا پابند بنایا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی اہلکار کے خلاف تشدد یا شہریوں سے ناروا سلوک کی شکایت موصول ہونے پر سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔