راولپنڈی(سٹی رپورٹر)
ادارہ تعلیمات اسلامیہ خیابانِ سرسید میں ماہانہ محفلِ ذکر و درسِ قرآن کا انعقاد کیا گیا، جس میں سینکڑوں مرد و خواتین نے شرکت کی۔میزبانی کے فرائض علامہ حافظ شیخ محمد قاسم ڈپٹی ڈائریکٹر نے انجام دیے۔محفل سے خطاب کرتے ہوئے سرپرستِ اعلیٰ علامہ سید ریاض حسین شاہ نے کہا کہ اسلامی عائلی نظام کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ طلاق اور علیحدگی کے بڑھتے واقعات معاشرے کے لیے لمحۂ فکریہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کا غیر ذمہ دارانہ استعمال، غیر ضروری روابط اور دوسروں کی زندگیوں سے غیر حقیقی تقابل خاندانی تعلقات کو متاثر کر رہے ہیں۔ سوشل میڈیا کے مثبت اور اخلاقی استعمال کو فروغ دینے کے ساتھ والدین کو بچوں کی تربیت اور کردار سازی پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔علامہ حافظ شیخ محمد قاسم نے بھی خطاب کیا اور قرآن و سنت کی روشنی میں اصلاحِ معاشرہ اور اسلامی تعلیمات کی اہمیت اجاگر کی۔ محفل کے اختتام پر ملک و قوم، امتِ مسلمہ اور نوجوان نسل کی سلامتی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔





