مری مال روڈ کے اطراف دفعہ 144 نافذ، 5 سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی
مری (راجہ عثمان علی)ضلع مری میں جاری امن و امان کی صورتحال کے پیشِ نظر ڈپٹی کمشنر مری نے دفعہ 144 کے تحت فوری حفاظتی اقدامات کا حکم جاری کر دیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق مال روڈ کے اطراف 5 سے زائد افراد کے اجتماعات، غیر قانونی اسمبلیوں، دھرنوں، ریلیوں، جلوسوں، مظاہروں، احتجاجی سرگرمیوں اور دیگر ایسی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔حکم نامے کے مطابق یہ پابندی 11 ستمبر سے 17 ستمبر 2026 تک 7 روز کے لیے نافذ العمل ہوگی۔ تاہم خاندانوں کے اجتماعات کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر مری کے مطابق موجودہ امن و امان کی صورتحال میں غیر قانونی اجتماعات دہشت گردوں اور شرپسند عناصر کے لیے آسان ہدف بن سکتے ہیں، جس کے باعث عوامی امن و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ پابندی کے دوران کسی خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ متعلقہ اداروں کو حکم نامے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔





