نادرا اور نیرا کے مابین جاری شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے کے لیے صومالیہ کی نیشنل آئیڈینٹیفکیشن اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی کے وفد کا نادرا کا دورہ

نادرا اور نیرا کے مابین جاری شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے کے لیے صومالیہ کی نیشنل آئیڈینٹیفکیشن اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی کے وفد کا نادرا کا دورہ

اسلام آباد( سٹاف رپورٹر) صومالیہ کی نیشنل آئیڈینٹی فکیشن اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نیرا) کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے، ڈائریکٹر جنرل جناب عبدی ولی علی عبداللہ کی قیادت میں، آج نادرا کا دورہ کیا۔ دورے کا مقصد دونوں اداروں کے درمیان 2018ء سے جاری شراکت داری کو مزید آگے بڑھانا تھا۔ یہ دورہ اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کے تعاون سے منعقد ہوا۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام پاکستان کے ریزیڈنٹ نمائندے جناب سیموئل رزق اور ڈپٹی ریزیڈنٹ نمائندہ محترمہ وان نگوین بھی موجود تھیں۔

چیئرمین نادرا نے وفد کا خیرمقدم کیا اور اسے پاکستان کے شناختی نظام اور ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر کے بارے میں بریفنگ دی۔ دونوں جانب سے اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ شناخت بنیادی قومی انفراسٹرکچر ہے جو ریاست اور شہریوں کے درمیان سماجی معاہدے کو مضبوط بناتا ہے اور شہری شمولیت، مالیاتی شمولیت اور عوامی اعتماد کے فروغ میں معاون ہے۔ دونوں ممالک کے شناختی اور رجسٹریشن نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ کام کے مختلف شعبوں کی بھی نشاندہی کی گئی اور ان پر تبادلہ خیال ہوا۔

دونوں جانب سے ترقی پذیر ممالک کے باہمی تعاون کے فروغ میں اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کے کردار کو سراہا گیا اور اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف، بالخصوص قانونی شناخت اور سول رجسٹریشن سے متعلق اہداف، کے حصول کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔