اسلام آباد(کرائم رپورٹر)ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا کا شہر کے مختلف ڈیوٹی پوائنٹس کا دورہ۔ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد نے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔افسران و جوانوں کو مستعدی کے ساتھ اپنے فرائض سر انجام دینے کے احکامات جاری کئے۔
تفصیلات کے مطابق سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے شہر کے مختلف ڈیوٹی پوائنٹس کا دورہ کیا اور وہاں تعینات پولیس افسران و جوانوں کی ڈیوٹی، سکیورٹی انتظامات اور چیکنگ کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد نے ڈیوٹی پر مامور پولیس افسران و جوانوں سے ملاقات کی اور انہیں سکیورٹی ڈیوٹی انتہائی ذمہ داری، مستعدی اور پیشہ ورانہ انداز میں سرانجام دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے سکیورٹی انتظامات میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد نے مشکوک گاڑیوں، موٹرسائیکلوں اور افراد کی موثر چیکنگ یقینی بنانے، سکیورٹی کے تمام ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی صورت میں فوری و موثر کارروائی کی ہدایت کی۔ انہوں نے افسران کو اپنے اپنے ڈیوٹی پوائنٹس پر ہمہ وقت چوکس رہنے اور اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھنے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے تمام ضروری انتظامات اور فوری رسپانس کا نظام ہر وقت فعال رکھا جائے۔ فیلڈ میں موجود افسران صورتحال کی مسلسل نگرانی کریں اور سکیورٹی کو مزید موثر بنانے کے لیے بروقت اقدامات یقینی بنائیں۔ایس ایس پی آپریشنز نے پولیس افسران و جوانوں کو شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، شائستگی اور احترام سے پیش آنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی سہولت اور موثر سکیورٹی کے درمیان بہترین توازن برقرار رکھا جائے، تاکہ شہری خود کو محفوظ اور پراعتماد محسوس کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور شہر میں امن و امان کے قیام کے لیے فیلڈ میں پوری ذمہ داری اور پیشہ ورانہ جذبے کے ساتھ فرائض انجام دے رہی ہے۔ سکیورٹی انتظامات کی موثر نگرانی، بہتری اور شہریوں کو محفوظ ماحول کی فراہمی کے لیے اقدامات کا سلسلہ بلا تعطل جاری رکھا جائے گا۔





