بچوں کی صحت و سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں،ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے
اسلام آباد(نیوز رپورٹر)
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی اوورسیز کمیٹی کے چیئرمین چوہدری نواز بسرا نے پمز چلڈرن نرسری میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے واقعات کی مستقبل میں روک تھام کیلئے ہسپتالوں میں حفاظتی انتظامات مزید سخت اور مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔ بچوں کی زندگی اور صحت انتہائی قیمتی ہے اس معاملے میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جا سکتی۔جان بچانے والی نرس کی بہادری ہمارے لئے رول ماڈل ہونی چاہئے جو یقینا تمغہ شجاعت کی حقدار ہے۔نواز بسرا نے کہا کہ ہسپتالوں خصوصاً بچوں کے وارڈز اور نرسریوں میں سکیورٹی، نگرانی، طبی سہولیات اور حفاظتی پروٹوکولز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری اور شفاف تحقیقات کے ذریعے حقائق سامنے لائے جائیں اور اگر کسی کی غفلت ثابت ہو تو ذمہ داروں کا تعین کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔





