خانقاہیں قومی اتحاد، امن اور مذہبی رواداری کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کرسکتی ہیں، چیئرمین سینیٹ
صوفیائے کرام کی تعلیمات محبت، برداشت، انسان دوستی اور خدمتِ خلق کا پیغام ہیں، سید یوسف رضا گیلانی
اسلام آباد(اظہار خان نیازی) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ملک کی مختلف معروف خانقاہوں اور درباروں کے گدی نشینوں اور سجادہ نشینوں نے ملاقات کی، جس میں قومی یکجہتی، بین المذاہب و بین المسالک ہم آہنگی، معاشرتی اقدار کے فروغ اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد میں پیر سید امجد علی شاہ گیلانی، صاحبزادہ میاں عمر بخش، سید انوار الحسن پیر آف مراڑہ شریف، سید اکمل حسین شاہ، سید معظم غفار، ملک اصغر حسین اور میاں محمد شبیر شامل تھے۔ وفد نے اپنے علاقوں میں عوام کو درپیش مسائل اور خانقاہی مراکز کی سماجی و فلاحی سرگرمیوں سے چیئرمین سینیٹ کو آگاہ کیا۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان کی تہذیبی و سماجی تاریخ میں خانقاہوں اور صوفیائے کرام کی تعلیمات کا اہم کردار رہا ہے۔ محبت، برداشت، انسان دوستی، خدمتِ خلق اور اتحاد پر مبنی صوفیائے کرام کی تعلیمات آج بھی معاشرے کیلئے مشعلِ راہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قومی اتحاد، امن، مذہبی رواداری اور معاشرتی ہم آہنگی کے فروغ میں خانقاہی مراکز مثبت اور مؤثر کردار ادا کرسکتے ہیں۔ نوجوانوں کی اخلاقی و سماجی تربیت، تعلیم اور خدمتِ خلق کے فروغ کیلئے خانقاہوں اور درباروں کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔
وفد نے ملک میں امن، اخوت، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت پر زور دیا۔





