اسلام آباد(کرائم رپورٹر) ٹریفک پولیس کی ماہ اگست کی کارکردگی رپورٹ جاری۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ماہ اگست کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں اور روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی سرگرمیوں کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی روک تھام اور سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں موثر انفورسمنٹ اور خصوصی کریک ڈاون کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ماہ اگست کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 72 ہزار سے زائد شہریوں کے خلاف قانونی کارروائیاں عمل میں لائی ۔ لین وائلیشن پر 13 ہزار سے زائد، رانگ وے کی خلاف ورزی پر 5 ہزار سے زائد، غیر قانونی پارکنگ پر 10 ہزار سے زائد جبکہ بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر 5 ہزار 300 سے زائد شہریوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔اسی دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 7 ہزار سے زائد گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو مختلف تھانہ جات میں بند کیا گیا۔ کالے شیشوں والی گاڑیوں اور اسلام آباد کی حدود میں داخل ہونے والے رکشوں کے خلاف بھی موثر کارروائیاں کی گئیں۔اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے صرف انفورسمنٹ تک محدود رہنے کے بجائے شہریوں میں ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لیے بھی بھرپور اقدامات کیے گئے۔ ماہ اگست کے دوران 1 لاکھ 30 ہزار سے زائد شہریوں کو ٹریفک قوانین، روڈ سیفٹی اور ذمہ دارانہ ڈرائیونگ سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی، جن میں نجی و سرکاری اداروں کے ملازمین، تعلیمی اداروں کے طلباءو طالبات اور روڈ ایجوکیشن اڑان ڈرائیونگ سکول کے طلبہ شامل ہیں۔چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کائنات اظہر خان نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے انفورسمنٹ اور آگاہی دونوں پہلووں پر یکساں توجہ دی جا رہی ہے۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی حوصلہ شکنی، حادثات کی روک تھام، شہریوں کے محفوظ سفر اور ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کا سلسلہ مزید موثر انداز میں جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کریں، لین ڈسپلن کا خیال رکھیں، موٹر سائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں اور سڑکوں پر ذمہ داری اور احتیاط کا مظاہرہ کریں۔چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان نے کہا کہ شہریوں کو محفوظ اور بہتر سفری ماحول فراہم کرنا اسلام آباد ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خاتمے، روڈ سیفٹی کے فروغ اور وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک نظام کو مزید منظم اور مو¿ثر بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔





